ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمباکوکنٹرول قانون کی پابندی نہ کرنے والے دکانداروں کے خلا ف اقدامات

تمباکوکنٹرول قانون کی پابندی نہ کرنے والے دکانداروں کے خلا ف اقدامات

Wed, 28 Jun 2017 13:46:28    S.O. News Service

کاروار 28؍جون (ایس او نیوز) کرناٹکا میں تمباکو اور اس سے بننی والی چیزوں پر قابو پانے کے لئے جاری کیے گئے قانونThe Cigarettes and Other Tobacco Products Act (COTPA), 2003, کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے اشتراک سے دکانوں کا معائنہ کرنے کی ایک مہم چلائی گئی اورقانون کی خلا ف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایچ پرسنا کمار کی قیادت میں کاروار شہر کے بس اسٹانڈ،کوڈی باغ،سنڈے مارکیٹ،کاجو باغ، نیو نرسنگ ہوم روڈ،کے ای بی روڈ اور دیگر مقامات پرخصوصی دورہ کرتے ہوئے وہاں پر دکانوں میں موجود تمباکو سے تیار شدہ چیزوں کا معائنہ کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈی ، سی نے بتایا کہ COTPAکے سیکشن 4,5,6اور 7کو ضلع بھر میں مؤثر طریقے سے لاگو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ عوام کی صحت کے پیش نظر نہایت ضروری ہے اور اس پر عمل درآمد میں عوام کا تعاون بھی درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت تعلیمی اداروں کے اطراف 100گز کے احاطے میں تمباکو کی چیزیں فروخت کرنا یا اس کا استعمال کرناممنوع ہے۔ تعلیمی اداروں کے لئے لازمی ہے کہ وہ لوگ اس سلسلے میں ایک نمایاں بورڈ اپنے ادارے کے باہر لگوائیں۔لہٰذا اب اگراس کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو پھر ایسی دکان کے ساتھ متعلقہ تعلیمی ادارے کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس کے علاوہ تمام عوامی جگہوں پر جیسے پارک، اسپتال، ہوٹل، سنیما تھیٹر، بس اسٹانڈ ، سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں بھی تمباکو نوشی ممنوع ہے ، اس ضمن میں ان تمام مقامات پرفوری طور پر بورڈ آویزاں کرنا ضروری ہے۔اور یہ متعلقہ عمارت یا دکان اور دفتر والوں کی ذمہ داری ہے۔تمباکو نوشی کے تعلق سے اشتہارات لگانا بھی قانون کے اعتبار سے جرم ہے، اس لئے اس قسم کے اشتہارات فوراً ہٹادئے جانے چاہئیں۔علاوہ ازیں ۱۸ سال سے کم عمر والوں کو تمباکو والی اشیاء فروخت کرنا بھی غیر قانونی ہے ، اس کے بارے میں عوام میں آگہی اوربیداری لانے کی ضرورت ہے۔

جائزے اور معائنے کی اس خصوصی مہم کے دوران جن دکانوں پر COTPAقانون کے تحت نوٹس والا بورڈ نہیں لگایا گیاتھا ان کے خلاف اقدام کرتے ہوئے جملہ 4000 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔اس مہم میں تحصیلدارجی این نائک،سرکل انسپکٹر شرن گوڈا پاٹل، ڈی ایچ او ڈاکٹر سورج نائک اور دیگر ذمہ دار شخصیات نے شرکت کی۔


Share: